https://pagead2.googlesyndication.com/pagead/js/adsbygoogle.js?client=ca-pub-4877404706162325

0

عسکر انٹرنیشنل رپوٹ

لاہور: واپڈا کے سابق جنرل منیجر ہائیڈل چوہدری فضل احمد انتقال کر گئے۔ مرحوم کو واپڈا ٹاؤن لاہور کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات، واپڈا کے اعلیٰ حکام، شعبۂ انجینئرنگ سے وابستہ ممتاز افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرحوم چوہدری فضل احمد، ڈائریکٹر میڈیا ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و ترقیِ انسانی وسائل، چوہدری ضمیر اشرف کے سسر تھے۔

چوہدری فضل احمد نے 1969ء سے 2012ء تک اپنی پیشہ ورانہ زندگی قومی خدمت، فنی مہارت، دیانت داری اور عزم و استقلال کے ساتھ گزاری۔ انہوں نے بطور چیف انجینئر منگلا ڈیم، وارسک ڈیم، گوجرانوالہ، گجرات اور سعودی عرب میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں اور اپنی فنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ بصیرت اور قائدانہ کردار کے ذریعے مختلف اہم منصوبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔

مرحوم کا شمار تجربہ کار اور قابل انجینئرز میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو قومی ترقی، آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بروئے کار لایا۔ ان کی خدمات کو ملکی سطح پر سراہا گیا اور ان کا پیشہ ورانہ کردار شعبۂ انجینئرنگ کے لیے قابلِ قدر اثاثہ قرار دیا جاتا تھا۔

ان کی پیشہ ورانہ زندگی اس امر کی مثال تھی کہ فنی قابلیت، دیانت داری اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دی جانے والی خدمات دیرپا اثرات چھوڑتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔

چوہدری فضل احمد کی رحلت پر ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور واپڈا سے وابستہ افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کی وفات کو شعبۂ انجینئرنگ اور قومی ترقی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.